آؤ ذرا کچھ دیر
ذرا کچھ بات کریں
آؤ ذرا کچھ دیر
آنکھوں کی ذرا بات کریں
آنکھوں میں چھپے
خوبصورت اور مچلتے
خوابوں کی کوئی بات کریں
خوابوں کی ممکن
حسین و گم گشتہ
تعبیروں کی بات کریں
آنکھوں میں برستی
گنگناتی اور مہکتی
بارشوں کی کوئی بات کریں
سوندھی مٹی کی
گیلے پتوں کی
خوشبوؤں کی بات کریں
بارش کے بعد نکلتی
دھوپوں کی
پگھلتے سونے کی
مشرق میں روشن افق کی
سورج کی کوئی بات کریں
آؤ ذرا کچھ دیر
ذرا کچھ بات کریں
آؤ ذرا کچھ دیر
چہروں کی ذرا بات کریں
چہروں میں چھپے
ان گنت پوشیدہ
رازوں کی کوئی بات کریں
چہروں پر طلوع ہوتی
دھیمی اور سلگتی
مسکراہٹوں کی بات کریں
چہروں پر لکھی
خوابیدہ اور گزشتہ
ماضی سے وابستہ
فسانوں کی کوئی بات کریں
چہروں پر بچھے جالوں کی
ہزاروں پگڈنڈیوں کی
مدھم لکیروں کی کوئی بات کریں
پگڈنڈیوں پر چل کر
دل میں اتر کر
سمجھ کر
محبت کی کوئی بات کریں