انجان دھول رستوں پر مدام چلنا
ہر نئے اٹھتے قدم پرخاک پھانکتے
آبلہ پا ہونا، خون رسنا، تلوے چپکنا
مگر پھر بھی مسلسل چلتے ہی جانا
انجان، اجنبی چہروں کو اپنا کہنا
دل لگانا اور مبہم امید کے تعاقب میں
لڑکھڑانا، گرنا، اٹھنا اور بھاگتے جانا
مگر پھر بھی اپنا کہتے ہی جانا
یوں بلاء مقصد رستوں پرچلتے جانا
یوں بے سود اجنبیوں کو اپنا کہتے جانا
کچھ تھکا سا دیتا ہے
بیگانے گنجان شہروں میں گھر تلاش کرنا
خاموش تاریک دروازوں پر دستک دیتے
اکڑتی انگلیوں کو بےجان محسوس کرنا
مگر پھر بھی گھر تلاش کرتے ہی جانا
صحراء میں کھلتے پھولوں کی امید کرنا
سلگتی ریت میں رنگ و خوشبو نا پا کر
بے قرار ہونا، مایوس ہونا
مگر پھر بھی پھولوں کی امید کرتے ہی جانا
یوں بلاء مقصد اپنا گھر تلاش کرنا
یوں بے سود رنگوں کی امید کرنا
کچھ تھکا سا دیتا ہے
اپنے اندر غور سے جھانکنا
گاڑھے گھپ اندھیرے میں ٹٹول کر
سوکھے، تڑخے چراغوں کو خاموش پانا
مگر پھر بھی اندھیروں کو ٹٹولتے ہی جانا
جو کبھی روشن، خوشی کے خواب دیکھنا
تعبیروں کو ٹوٹتے بکھرتے دیکھ کر
سر جھکانا، جھکائے رکھنا، خاموش رہنا
مگر پھر بھی خواب دیکھتے ہی جانا
یوں بلاء مقصد اپنے اندر جھانکنا
یوں بے سود جھوٹے خواب دیکھنا
کچھ تھکا سا دیتا ہے
No Comments
Unrequited love is not much different to the saying…
“Life is a bitch… And then you die..!!”
I agree